انکولہ 5/ڈسمبر (ایس او نیوز) گھر کے سامنے کھیل رہے بچے کے سر پر سلائڈنگ گیٹ گرنے سے بچے کی موت واقع ہونے کا معاملہ انکولہ تعلقہ کے بابرو۔واڑا گرام پنچایت حدود کے کنسی گدّے علاقے میں بدھ شام کو پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق فوت ہونے والے بچے کی شناخت اعظم ابن جاوید شیخ (5 سال) کی حیثیت سے کی گئی ہے، انکولہ اُردو اسکول میں زیر تعلیم تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اسکول سے واپسی کے بعد سہ پہر تقریباً ساڑھے تین بجے وہ اپنے گھر کے سامنے نئے تعمیر شدہ گیٹ کے ساتھ کھیل رہا تھا، جس کے دوران بھاری بھرکم گیٹ اچانک ٹوٹ کر اس پرہی گر گئی۔ بچے کوشدید زخمی حالت میں فوری طور پر تعلقہ کے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کے سر پر شدید چوٹ لگنے کے باعث اسے منی پال اسپتال لے جانے کی ہدایت دی۔تاہم، بچے کو جب منی پال اسپتال لے جانے کی کوشش کی گئی تو ہوناور کے قریب پہنچنے تک لڑکے نے دم توڑ دیا۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
اعظم ، تین بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا اس کی دو بڑی بہنیں ہیں۔ اس کے والد پیشے سے ڈرائیور ہیں۔
میت کا پوسٹ مارٹم انکولہ کے سرکاری اسپتال میں کیا گیا، جس کے بعد بدھ کی رات تقریباً 9 بجے لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ بچے کی تدفین آج جمعرات صبح 11 بجے انجام دی گئی۔
انکولہ پولیس تھانہ میں معاملے کو لے کر کیس درج کیا گیا ہے۔